اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ مجمع ذخائر اسلامی اور موسسہ تاریخ علم و فرہنگ (قم، ایران) کے زیر اہتمام "ایران و ہند مشترکہ میراث" کے موضوع پر پہلا بین الاقوامی سیمینار منعقد ہونے جا رہا ہے۔ یہ سیمنار 26 ستمبر 2013ء کو شیخ مفید یونیورسٹی (قم) میں منعقد ہوگا جس میں ایران اور ہندوستان کے شرکاء اپنے مقالات پیش کریں گے۔ سیمنار میں تاریخ و ادب، علوم و فنون، ادیان و مذاہب اور عرفان و فلسفہ سے متعلق ذیلی موضوعات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ سیمنار کے انعقاد کا مقصد ایران و ہند کے ادب و ثقافت پر ہونے والے تحقیقی کاموں سے آشنائی حاصل کرنا، محققین کے درمیان رابطہ، گفتگو اور تبادل نظر کا اہتمام کرنا، بین مضامین (interdisciplinary) اور تقابلی کاموں پر خاص توجہ دینا اور نوجوان محققین کو ایران و ہند مشترکہ ادب، تاریخ اور ثقافت کی ترغیب دینا ہے۔ مقالات کے انتخاب کے لئے ہر موضوع سے متعلق اساتذہ اور ارباب فن کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ہندوستانی تصاویر کی نمائش، برصغیر کے موضوع پر مبنی کتابی نمائش، ایرانی اور ہندوستانی طرز پر مبنی تصویرچہ ورکشاپ، ایران کی روایتی بائنڈنگ کی نمائش، ایرانی خطاطی اور خوش خطی کی نمائش، برصغیر کے موضوع پر رسائل اور کتب کی فروخت، اور دستاویزی فلم کی نمائش وغیرہ سیمنار کے ذیلی پروگراموں کا حصہ ہیں۔ بیرون ملک سے شرکت کرنے کے خواہشمند افراد کے لئے ٹرمینل سے یونیورسٹی اور یونیورسٹی سے ٹرمینل پک اینڈ ڈراپ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ قم میں ہوٹل کی بکنگ، تاریخی اور مذہبی مقامات کی سیر اور مشاورین کی فراہمی کی سہولت بھی موجود ہے۔ مزید معلومات کے لئے سیمنار کی ویب سائٹ www.iiheritage.com سے رجوع کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲